کراچی ایئر پورٹ سگنل کے قریب غیر ملکیوں کی گاڑی کو دھماکے سے نشانہ بنانے والے حملہ آور کے بارے میں تہلکہ خیز تفصیلات منظر عام پر آ گئیں ہیں ۔
تفتیشی حکام کےمطابق دہشتگرد شاہ فہد نے5ستمبر کوگاڑی اپنے نام پر رجسٹرڈ کرائی،3دسمبر 2023 کو دہشتگرد فہد اپنے 2 ساتھیوں کے ساتھ کراچی آیا،دہشتگرد فہد نے 3 دسمبر 2023 کی شام پہلی بار ہوٹل میں چیک ان کیا،دہشتگرد شاہ فہد 4اکتوبر 2024 کودوبارہ کراچی پہنچا ہے،دھماکے کے روز دہشتگرد نے دوپہر 12 بجے ہوٹل سے چیک آؤٹ کیا،دہشتگرد نے دونوں مرتبہ پریڈی کےعلاقے میں دو ہوٹلوں میں قیام کیا۔
دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کے قریب حملے میں 2 چینی انجینئرز جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں، دہشت گردی کی کارروائی صرف پاکستان نہیں پاک چین دوستی پر بھی حملہ ہے۔
بیان کے مطابق مجید بریگیڈ سمیت تمام ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے پرعزم ہیں، سیکیورٹی و قانون نافذ کرنے والے ادارے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو نہیں چھوڑیں گے، اس بزدلانہ کارروائی کے ذمے داروں کو سزا دلائے بغیر نہیں چھوڑا جائے گا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ چینی سفارتخانے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، پاکستان اور چین دیرینہ دوست اور ایک دوسرے کے آہنی بھائی ہیں، پاک چین دوستی باہمی عزت و احترام کے رشتے سے منسلک ہے، پاکستان میں موجود چینی باشندوں کی حفاظت کے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہیں، چینی بھائیوں کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کو شکست کی کوششیں جاری رکھیں گے۔