وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سیاسی مخالفین کو پاکستان کی معیشت میں بہتری ہضم نہیں ہو رہی۔
اتوار کو وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی ہے جس کے دوران اسلام آباد کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی ۔
وزیراعظم کی جانب سے قیام امن سے متعلق وزیر داخلہ ، اسلام آبادانتظامیہ اور پولیس کے اقدامات کی ستائش کی گئی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پر دھاوے کو ناکام بنانے پر اسلام آباد پولیس نے شاندار کردار ادا کیا، پاک فوج، پنجاب پولیس اور رینجرز کے دستوں نے بھی اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ کانسٹیبل حمید شاہ نے عوام کے جان و مال کا تحفظ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائیں، قوم یہ قربانی ہمیشہ یاد رکھے گی، شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، شہید کے اہلخانہ کا مکمل طور پر خیال رکھا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا، صورتحال تیزی سے معمول کی طرف لوٹ رہی ہے، معیشت کی ترقی اور مملکت خدادا کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو پاکستان کی معیشت میں بہتری ہضم نہیں ہو رہی، دنیا پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی معترف ہے، سیاسی مخالف پاکستان کی ترقی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں، پاکستان کی معیشت کے حوالے سے کسی کو غیر قانونی طور پر عدم استحکام پیدا نہیں کرنے دیں گے، آنے والے دنوں میں پاکستان میں ہونے والی بین الاقوامی تقاریب معمول کے مطابق ہوں گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اہم شاہراہیں ٹریفک کے لئے کھول دی گئی ہیں ، صورتحال تیزی سے معمول پر آ رہی ہے۔
وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو سری لنکا سے پاکستانی قیدیوں کی واپسی پر بھی بریفنگ دی اور بتایا کہ سری لنکا میں قید 56 پاکستانی قیدی آج وطن واپس پہنچیں گے، وفاقی وزیر نجکاری عبد العلیم خان سری لنکا سے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے تمام اخراجات برداشت کریں گے۔
وزیراعظم نے قیدیوں کی واپسی کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ اور وفاقی وزیر نجکاری کی کوششوں کی تعریف بھی کی۔