پاکستان نے گاڑیوں کی برآمد میں اہم سنگ میل عبور کرلیا، چینی کمپنی کے اشتراک سے تیار گاڑیاں افریقا بھی برآمد کی جائیں گی، رپورٹ کے مطابق 14 گاڑیوں کی پہلی کھیپ بندرگاہ پہنچادی گئی ہے۔
ماسٹر موٹرز چینی کمپنی کے اشتراک سے مقامی طور پر تیار کردہ اوشان ایکس 7 ای یو وی گاڑیا افریقی ملک کینیا اور تنزایہ کو بھی برآمد کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی تیار کردہ اوشان ایکس 7 کاروں کا ایک کنٹینر کراچی بندرگاہ سے کینیا روانہ کردیا گیا۔ کمپنی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ متعدد اوشان ایکس 7 ایس یو وی گاڑیاں کینیا کو برآمد کی جائیں گی۔
چنگان ماسٹر موٹرز نے گاڑیوں کی برآمد سے متعلق کراچی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا، جس کے مہمان خصوصی وفاقی سیکریٹری صنعت و پیداوار اسد رحمان تھے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کا ریٹ گرنے پر گاڑیاں تیار کرنیوالی کمپنیوں سے ریٹ کم کروائیں گے، ایک کمپنی نے گاڑیوں کے ریٹ کم کرنے کا اخبار میں اشتہار بھی دیا، کار اسمبلرز کو گاڑیوں کی برآمدی پالیسی نئی منڈیوں کی تلاش کا کہا ہے۔
چنگان پاکستان کے سی ای او دانیال ملک کا کہنا تھا کہ کمپنی پاکستان کیلئے ڈیزائن کی گئی رائٹ ہینڈ ڈرائیو گاڑیاں دوسرے خطوں میں برآمد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
دانیال کا یہ بھی کہنا تھا کہ چنگان کی پاکستان میں اسمبل شدہ گاڑیاں جنوبی افریقا، ملائیشیا، انڈونیشیا اور دیگر ممالک میں تقسیم کاروں کو فروخت کی جائیں گی، جہاں دائیں ہاتھ سے چلنے والی گاڑیاں عام ہیں۔