وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پولیس سمیت کسی ادارے کی حراست میں نہیں۔ علی امین گنڈاپور اسلام آبادکی حدود میں ہیں تو گرفتار کیاجائے گا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس بھی علی امین گنڈاپور کو ڈھونڈرہی ہے، جہاں جہاں علی امین کی موجودگی کا شک تھا وہاں چھاپے مارے، علی امین گنڈاپور کو پکڑنے کیلئے ناکہ بندی کر رکھی ہے، علی امین گنڈاپور اسلام آباد کی حدود میں ہیں تو گرفتار کیا جائے گا۔
دوسری جانب علی امین گنڈاپور کی خیبرپختونخوا ہاؤس سے باہر جانے کی مبینہ تصاویر بھی جاری کردیں ہیں، علی امین لباس بدل کر اہلکاروں کے ساتھ کے پی ہاؤس سے روانہ ہوئے، علی امین کے پی ہاؤس میں داخل ہوتے وقت کالے شلوار قمیض میں ملبوس تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور پر اسرار طور پر غائب ہے اور کسی کا کوئی رابطہ نہیں ہورہا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے متعلق متضاد اطلاعات گردش کرنے لگیں جبکہ سرکاری ذرائع نے گرفتاری کی تردید کردی۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی پر اسرار گمشدگی پر پی ٹی آئی پشاور نے آج خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے 3 بجے احتجاج کا اعلان کردیا۔
یاد رہے کہ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث دن بھر اسلام آباد میں صورتحال کشیدہ رہی ۔ تازہ ترین صورتحال یہ ہے کہ ڈی چوک سے لیکر چائنہ چوک تک پی ٹی آئی کا ایک بھی کارکن موجود نہیں ۔ جگہ جگہ اسلام آباد، پنجاب پولیس، ایف سی اور رینجرز کے دستے تعینات ہیں۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والے تمام راستے تیسرے روز بھی بند ہیں، جڑواں شہروں کے بیشتر کاروباری مراکز بند ہیں اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔ اٹک کے قریب موٹروے ایم ون تاحال بند ہے، پشاور جی ٹی روڈ بھی تاحال بحال نہ ہوسکا، کوہاٹ روڈ، سی پیک بھی مکمل بلاک ہے، خیبرپختونخوا کے داخلی و خارجی راستے بھی بحال نہ ہوسکے۔