لاہور میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے تناظر میں مختلف تھانوں میں عمران خان اور مرکزی قیادت سمیت درجنوں کارکنوں کے خلاف 22 مقدمات درج کرلیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں پی ٹی آئی احتجاج کے موقع پر گرفتار درجنوں پی ٹی آئی کارکنوں اور عمران خان سمیت تمام مرکزی قیادت کیخلاف شہر بھر کے مختلف تھانوں میں 22 مقدمات درج کرلیے گیے ہیں۔
ایف آئی آر میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت بانی پی ٹی آئی سمیت مرکزی قیادت اور کارکن نامزد ہیں، تھانہ اسلام پورہ، شفیق آباد، لاری اڈا، مستی گیٹ میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے، تھانہ شاہدرہ، ملت پارک، ہنجروال میں دفعہ 144 کی خلاف پر مقدمات درج کیے گیے۔
پولیس کے مطابق کینٹ ڈویژن کے مختلف تھانوں میں بھی دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمات درج کیے گئے، گزشتہ روزاحتجاج کرنے والے درجنوں مظاہرین کو حراست میں لیا گیا۔
راولپنڈی میں بھی تھانہ ٹیکسلا میں300 پی ٹی آئی کارکنان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمے میں بانی پی ٹی آئی ،راجہ بشارت، تیمور مسعود سمیت دیگر نامزد کیا گیا ہے، مقدمہ دہشتگردی ایکٹ، تعزیرات پاکستان کی 16دفعات کے تحت درج کیا گیا۔