وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں 51 گھنٹے بعد موبائل اور انٹرنیٹ سروس بحال ہونا شروع ہوگئی ہے جبکہ گوجرخان میں بھی دو روز سے بند موبائل سروس جزوی طور پر بحال ہوگئی۔
دوسری جانب راولپنڈی میں اندرون شہر تمام رکاوٹیں اور کنٹینرز ہٹا دیئے گئے، مری روڈ اور اطراف کے راستے ٹریفک کیلئے کھول دیئے گئے۔
ڈی سی نے مزید کہا کہ راولپنڈی میں مجموعی طور پر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے ، کچھ دیر تک تمام رکاوٹیں ہٹا کر راستے بھی کھول دیئے جائیں گے، راولپنڈی اسلام آباد کو ملانے والے راستے کھولنا اسلام آباد انتظامیہ کا اختیار ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کا آج تیسرا روز ہے، مظاہرین کی ممکنہ پیش قدمی روکنے کے لیے ڈی چوک میں پاک فوج، رینجرز اور پولیس کے تازہ دم دستے موجود ہیں، ڈی چوک سے لیکر چائنہ چوک تک پی ٹی آئی کاکوئی کارکن موجود نہیں۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والے تمام راستے تیسرے روز بھی بند ہیں، جڑواں شہروں کے بیشتر کاروباری مراکز بند ہیں اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔