میانوالی کے تھانہ مکڑوال کی حدود مکڑوال میں دہشت گردوں کا دوسرا حملہ بھی پنجاب پولیس نے ناکام بنادیا، کچھ گھنٹے پہلے بھی دہشت گرد پولیس پر حملہ کر کے پہاڑی راستوں سے فرار ہوگئے۔
میانوالی کےعلاقہ مکڑوال میں دہشت گردوں کا دوسرا حملہ بھی پنجاب پولیس نے پسپا کردیا، تھانہ مکڑوال کے پہاڑی علاقہ ملاخیل میں دربار خاصہ بابا کے قریب 10 سے 12 دہشت گردوں نے پولیس پر دوبارہ حملہ کیا تھا۔
ڈی پی او میانوالی اختر فاروق کی قیادت میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور سی ٹی ڈی کے دستوں نے علاقہ میں سرچ آپریشن میں مصروف تھے کہ پولیس پارٹیوں پر دہشت گردوں نے دوبارہ حملہ کیا، دوران سرچ آپریشن دہشت گردوں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر کے حملہ کیا جس کے جواب میں پولیس و سی ٹی ڈی کے افسران و جوانوں نے محفوظ پوزیشن لیکر شدید جوابی فائرنگ کی۔
پولیس کے مطابق پولیس اور سی ٹی ڈی کے افسران و جوانوں نے 1 تک گھنٹہ نہایت بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیاتاہم، شدید فائرنگ اوراندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دہشت گرد پہاڑی علاقے میں فرار ہوگئے۔
ڈی پی اواختر فاروق، ڈی ایس پی سی ٹی ڈی اور ڈی ایس پی سرکل عیسیٰ خیل سمیت پولیس کے تمام افسران و جوان شدید کراس فائرنگ میں محفوظ رہے۔
ڈی پی او اختر فاروق کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر دم لیں گے۔