پاکستان کے سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو پریشر میں اچھا کھیل پیش کرنے کا آرٹ سیکھنا ہوگا۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کرکٹ آسٹریلیا کے سمر فیسٹیول میں شرکت کی جہاں آسٹریلیا کے معروف کرکٹرز گلین میکسویل ، ڈیمین فلیمنگ اور جیک فریزر میگرگ بھی موجود ہیں۔
سمر فیسٹیول کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان یونس خان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے کرکٹ فیسٹیول میں شرکت پر خوشی ہے، یہاں میکسویل اور فلیمنگ بھی موجود ہیں، میری بڑی خواہش تھی کہ میں ڈیمین فلیمنگ کے خلاف کھیلتا۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور انڈیا کی سیریز بہترین ہو رہی ہے، انڈیا کے بولرز نے اپنی کارکردگی میں بہتری دکھائی ہے، آپ میچز بولرز کی مدد سے جیتتے ہیں، مجھے یقین ہے کہ بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا بہتر کارکردگی دکھائے گا۔
یونس خان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے انڈیا کو پاکستان آنا چاہیے، جب ہم انڈیا گئے تو ہماری فین فالوونگ میں بہت اضافہ ہوا، پاکستانی شائقین انڈین اسٹارز، جیسے ویرات کوہلی کو دیکھنے کے خواہشمند ہیں، انڈیا کو اس لیے بھی آنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ کبھی کبھی ہم کھلاڑیوں پر ضرورت سے زیادہ توقعات کا بوجھ ڈال دیتے ہیں، ہمیں امیدیں قائم کرنی چاہئیں اور کھلاڑیوں کو پرسکون رکھنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ کپتانی کے حوالے سے جلد بازی میں فیصلہ نہ کریں، آپ کے پاس وقت ہے، وہ فیصلہ کریں جو سب کے لیے بہتر ہو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو پریشر میں اچھا کھیل پیش کرنے کا آرٹ سیکھنا ہوگا، ہمیں تیز رفتار فاسٹ بولرز اور اچھے آل راؤنڈرز کی ضرورت ہے، ہمارے بولرز کو صرف ٹی ٹین اور ٹی ٹونٹی پر توجہ نہیں دینی چاہیے بلکہ طویل فارمیٹس بھی کھیلنے چاہئیں ۔