اسلام آباد کے تاجروں نے احتجاج روکنے کے لئے ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔ درخواست پر آج ہی سماعت کی استدعا بھی کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں جاری تاجروں کے احتجاج کو رکوانے کے لئے بلیو ایریا ٹریڈرز یونین نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ عدالت میں درخواست راجہ حسن اختر کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ آج ہی عدالت بینچ بنا کر حکومت کو حکم دے کہ مظاہرین کو شہر سے ہٹایا جائے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 245 کے نفاذ کے بعد فوج اسلام آباد پہنچ چکی ہے اور ایس سی او کانفرنس کی وجہ سے اعلیٰ سطح کے وفود کی آمدورفت جاری ہے۔ اگر مظاہرے جاری رہے تو امن و امان خراب ہونے اور عالمی سطح پر ملک کی بدنامی کا خدشہ ہے۔
درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ کمشنر کو پابند کیا جائے کہ وہ ہر صورت اسلام آباد میں امن و امان برقرار رکھیں۔