پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث گزشتہ روز دن بھر شہر اقتدار کے حالات کشیدہ رہے جگہ جگہ مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں ہوتی رہیں ۔ ڈی چوک پہنچنے پر پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور کئی کارکنوں کو دھرلیا۔ پاک فوج کے دستوں نے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں ہیں جبکہ ڈی چوک پرپولیس اورایف سی کی بھاری نفری موجود ہے۔ وزیراعلیٰ کے پی کا قافلہ اسلام آباد پہنچ گیا۔
تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث اسلام آباد میں کشیدگی، فیض آباد پر کارکنوں کا پتھراؤ، ڈی چوک پر بھی شیلنگ، خیبرپختونخوا سے روانہ قافلہ برہان انٹر چینج پرموجود ہے۔ علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ جتنی چاہے رکاوٹیں ڈال لیں، ڈی چوک ہی ہماری منزل ہے
اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں پی ٹی آئی کارکنوں کا قافلہ چھچھ اور پھر برہان میں کنٹینرز ہٹا کر جمعہ کی سہ پہر براہمہ پہنچ تھا۔ پولیس کی شیلنگ کے باعث قافلہ براہمہ پر ہی پھنس گیاتھا۔ تاہم کچھ دیر بعد قافلہ آگے بڑھنے میں کامیاب رہا۔
شام کو پونے 8 بجے حسن ابدال کٹی پہاڑی پر علی امین گنڈا پور کے قافلے پر شدید شیلنگ شروع ہوگئی۔ پولیس اور مظاہرین کےدرمیان تصادم کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں، جبکہ شیلنگ کےدوران علاقہ اندھیرے میں ڈوب گیا ہے۔
اسلام آباد کے بلیو ایریا میں بھی مظاہرین اور پولیس میں جھڑپ ہوتی رہی، شیلنگ سے سڑکوں پر صرف دھوئیں کے بادل ہی نظر آرہے تھے صورتحال کا جائزہ لینے کیلیے وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہراقتدار کا فضائی جائزہ لیا۔
وزیر داخلہ کا صبح سویرے ڈی چوک کا دورہ
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے صبح سویرے ایک بار پھر ڈی چوک کا دورہ کیا اور وہاں رات بھر سے ڈیوٹی پر موجود پولیس اور ایف سی اہلکاروں کے بلند حوصلے کی تعریف کی۔
وفاقی وزیرداخلہ کے ڈی چوک کے دورے کے موقع پر آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی بھی ہمراہ تھے۔ محسن نقوی نے ڈیوٹی پر موجود خواتین سمیت دیگر اہلکاروں سے ملاقاتیں کیں اور جانفشانی سے فرائض انجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔
وزیرداخلہ نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے دن رات ڈیوٹی دینے پر سیکیورٹی اہلکاروں کی تعریف کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قوم کو پولیس اور ایف سی اہلکاروں پر فخر ہے۔ فرائض خوش اسلوبی سے انجام دینے پر تمام اہلکاروں کو شاباش دیتا ہوں۔ قانون کے رکھوالوں نے قانون کی عملداری یقینی بنائی۔ جس پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔
پاک فوج کے دستوں نے سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں
وزارت داخلہ نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کی تعیناتی کے احکامات دیئے، پاک فوج کے دستوں کی اسلام آباد اور گرد و نواح میں تعیناتی کا عمل مکمل ہو چکا ہے، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پاک فوج کا علاقے بھر میں گشت شروع کر دی ، کسی بھی شرپسند کو امن و امان تہہ و بالا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
کارکن پولیس سے الجھنے سے گریز کریں
تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکن ظلم وستم کے باوجود پولیس سے الجھنے سے گریز کریں، پرامن مظاہرہ ہے، کارکن مِظاہرے میں انتشارپسندوں کو شامل نہ ہونے دیں، پرامن کارکن آئین اور قانون کی حدمیں رہ کراحتجاج کا حق استعمال کریں گے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ وزیرداخلہ بڑھکیں مارنے کے بجائے راستے کھولیں، شہریوں کی جان ومال کی حفاظت سرکار اور ریاستی مشینری پرعائد ہوتی ہے، حکومت نے شہری نقل وحرکت بند کرکے لوگوں بنیادی حقوق سےمحروم کیا ہے، پر امن احتجاج کو ہرممکن پرتشدد بنانےکیلئےہرطرح کی چالیں جاری ہیں۔
ڈبل سواری پر پابندی جبکہ میٹرو بس بند
شہر میں امن و امان کے لیے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے آئندہ دو روز کے لیے ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے، جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوچکا ہے، خلاف ورزی کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔
جڑواں شہروں میں چلنی والی میٹروبس سروس بھی آج مکمل طور پر بند رہے گی، راولپنڈی صدر اسٹیشن تا پاک سیکریٹریٹ تک میٹرو بس سروس بند رہے گی۔