وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ممتاز اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی جس کے دوران شہباز شریف نے مہمان اسکالر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے 2006 میں ڈاکٹر ذاکر نائیک سے اپنی پہلی ملاقات کا بھی ذکر کیا۔
وزیر اعظم کا ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آپکے لیکچرز انتہائی پر معز اور تاثیر سے بھرپور ہوتے ہیں، مجھے یہ جان کر انتہائی خوشی ہوئی کہ آپ کا بیٹا بھی آپ کے نقش قدم پر چل رہا ہے اور دین اسلام کی خدمت کر رہا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسلام امن کا دین ہے آپ اسلام کا صحیح پیغام لوگوں تک پہنچا رہے ہیں، اسلام ایک مکمل ضابطہء حیات ہے جو ہمیں ہر معاملے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو کہ اسلام کے نام پہ بنا، اگر ہم اسلام کے راستے پر چلیں گے تو کامیاب ہوں گے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ میرا یہی مشن ہے کہ دنیا بھر میں اسلام کا پیغام عام کروں۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے 1991 میں پاکستان کا پہلا دورہ کیا تھا اور ابھی تک اس کی یادیں تازہ ہیں۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ وہ اسلام آباد کے علاوہ کراچی اور لاہور میں بھی لیکچرز دیں گے۔