پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کی بڑھتی مہم جوئی کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ لبنان میں عام شہریوں پر اسرائیل کے بے لگام حملے انتہائی تشویشناک ہیں، اسرائیلی اقدامات عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ اسرائیل گزشتہ کئی روز سے لبنانی خود مختاری کی ناقابل قبول خلاف ورزی کر رہا ہے، لبنان میں عام شہری مراکز کو نشانہ بنا کر لبنان کے امن و سلامتی پر وار کیے جا رہے ہیں، لبنان میں اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بننے والوں کے اہلخانہ سےدلی تعزیت، اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لبنان میں حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل کی شہادت سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھے گی، پاکستان لبنانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ ترجمان نے اقوام متحدہ سے مشرق وسطیٰ میں امن بحال کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
دوسری جانب چینی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چین لبنان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی مخالفت کرتا ہے، چین متعلقہ فریقوں خصوصاً اسرائیل کو کشیدگی کم کرنے پر زور دیتا ہے۔