لاہور ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو جلسے سے متعلق پی ٹی آئی کے درخواست پر کل تک فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔
لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کو لبرٹی چوک میں جلسہ کرنے کی اجازت دینے کی درخواست پر لاہورہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر کو کل تک درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل سے استفسار کیا کہ بتائیے کیا مسئلہ ہے کیوں ابھی تک اجازت نہیں دی؟ ڈپٹی کمشنر کل تک فیصلہ کر کہ بتائیں کہ اجازت دینی ہے یا نہیں۔
جسٹس راحیل کامران نے ریمارکس دیے کہ اگر جلسے کی اگر اجازت نہیں دینی تو کن وجوہات کی بنا پر نہیں دینی، جسٹس راحیل کامران عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل کو کل تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
سماعت کے دوران عدالت میں درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ 15 اکتوبر کو لبرٹی چوک پر جلسے کے لیے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی، ڈپٹی کمشنر نے درخواست پر کوئی فیصلہ نہیں کیا، عدالت سے استدعا کی ہے کہ عدالت لبرٹی چوک پر جلسہ کرنے کی اجازت دے۔