وزیراعظم شہباز شریف مختصر دورے پر لندن پہنچ گئے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے 23 ستمبر کی شام لندن سے امریکا جائیں گے۔
شہباز شریف کا طیارہ برطانیہ کے لوٹن ایئرپورٹ پر اترا تو پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل اور دیگر سفارتی عملے نے ان کا استقبال کیاجس کے بعد وزیراعظم ایئرپورٹ سے وسطی لندن میں واقع اپنی رہائشگاہ روانہ ہو گئے۔
شہبازشریف ایک رات لندن میں قیام کے بعد 23 ستمبر کی شام امریکا روانہ ہوں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیویارک میں انتہائی مصروف دن گزرے گا، جنرل اسمبلی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا اور عالمی رہنماؤں سے ملاقات میں امن، ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے امور کو اُجاگر کیا جائے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنرل اسمبلی کے پلیٹ فارم سے دنیا کے سامنے پاکستان کا نکتہ نظر پیش کروں گا اور مختلف امور پر پاکستان کے مؤقف اور مفادات کی ترجمانی کروں گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بین الاقوامی شراکت داری مضبوط کرنے کیلئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا جائے گا۔