لبنانی دارالحکومت بیروت پر اسرائیلی ایف 35 طیاروں کی بمباری سے حزب اللہ کی رضوان فورس کے سربراہ ابراہیم عقیل سمیت 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔
اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان خونریز لڑائی جاری ہے اور بیروت پر اسرائیلی طیاروں کی جانب سے شدید بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں حزب اللہ کے اہم کمانڈر ابراہیم عقیل جاں بحق ہوگئے۔
ابراہیم عقیل حزب اللہ کے بانی رہنماؤں میں سے تھے اور ایلیٹ یونٹ رضوان فورسز کے سربراہ تھے، ان پر 1983 میں امریکی فورسز پر حملوں کا بھی الزام تھا جس میں 241 امریکی اہلکار مارے گئے تھے۔
اسرائیلی طیاروں نے بیروت شہر کے مصروف ترین حصے پر بمباری کی جس سے کئی عمارتیں اور گاڑیاں تباہ ہوگئیں جبکہ 66 افراد زخمی بھی ہوئے۔
حزب اللہ نے جوابی وار کیا اور اسرائیلی اہداف پر درجنوں راکٹ فائر کیے، زیادہ تر راکٹ کو دفاعی نظام نے تباہ کردیا جبکہ چند راکٹ شمالی اسرائیل میں گر گئے، نقصانات کی تفصیل سامنے نہیں آئیں۔