پاکستان اسپورٹس بورڈ نے پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، جس کے بعد کمیٹی کو وضاحت کے لیے خط لکھ دیا گیا ہے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ نے مختلف اسٹیک ہولڈرز کی شکایات کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کو وضاحت دینے کے لیے خط لکھا ہے۔ پی ایس بی کے مطابق، کمیٹی فیفا کے مقررہ مینڈیٹ سے ہٹ کر کام کر رہی ہے، جس پر پی ایف ایف آئین کے تحت انتخابی عمل کے طریقہ کار پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔
ضلعی فٹبال ایسوسی ایشنز کے انتخابات کے حوالے سے وضاحت طلب کی گئی ہے اور انتخابات کے لیے واٹس ایپ کا استعمال کیا گیا جو قوانین کے مطابق نہیں ہے۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ضلعی لیگ چیمپئن شپ اور ضلعی فٹبال چیمپئن شپ کے انعقاد کے حوالے سے بھی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
پاکستان آرمی کی جانب سے بھی پی ایس بی کو شکایات موصول ہوئیں ہیں۔ نیشنل ویمن کلبز چیمپئن شپ کے نئے فارمیٹ میں سرکاری اداروں کو شامل نہ کرنے پر بھی اعتراض کیا گیا ہے۔ پی ایس بی نے نارملائزیشن کمیٹی سے فوری اور جامع وضاحت طلب کی ہے اور فٹبال کے مفادات کے تحفظ کے لیے فیفا کے اصولوں کی مکمل تعمیل پر زور دیا ہے۔