فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) کی جانب سے کمشنر ان لینڈ ریونیو آئی آر کے اختیارات میں اضافہ کر دیا گیا۔
ایف بی آر کی جانب سے کمشنر ان لینڈ ریونیو آئی آر کے اختیارات میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق کمشنر ان لینڈ ریونیو کو ٹیکس دہندگان کیلئے قانون یا قواعد میں مقررہ تاریخ میں توسیع کا اختیار دے دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنر ان لینڈ ریونیو مقررہ وقت یا مدت میں رعایت دے سکے گا اور متعلقہ رجسٹرڈ فرد یا اس کا مجاز نمائندہ کمشنر کو تاخیر کی وجوہات بیان کرنے کا پابند ہوگا جبکہ درخواست کا مقصد مقررہ وقت کے حوالے سے رعایت حاصل کرنا ہوگا۔
ایف بی آر کے مطابق متعلقہ کمشنر درخواست ملنے کے 30 دن کے اندر تاخیر کی وجوہات کا جائزہ لے کر فیصلہ کرے گا اور مزید معلومات یا دستاویزات جمع ہونے کے بعد درخواست ملنے کے 45 دن میں فیصلہ کرے گا۔
کمشنر درخواست سے متعلق میرٹ پر کیس کا فیصلہ کرے گا اور کمشنر درخواست کی منظوری یا مسترد کرنے کی وجوہات کو تحریر کرے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق درخواست منظور ہونے کی صورت میں کمشنر مقررہ مدت سے رعایت دے سکے گا۔