پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ سعودی عرب، پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرنے کیلئے تیار ہے۔
اہور میں صحت کے صوبائی نگران وزیر ڈاکٹر جمال ناصر سے ایک ملاقات میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ سعودی عرب، پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرنے کیلئے تیار ہے۔ سعودی عرب کے سفیر نے دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس موقع پر ڈاکٹر جمال ناصر اور سعودی سفیر نے صحت کے شعبے میں تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ گزشہ ماہ نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ سعودی عرب اگلے دو سے 5 سال کے دوران پاکستان میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان میں کان کنی، زرعی شعبے اور آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، سعودی سرمایہ کاری سےملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔