پاکستان نیوی کی جانب سے یوم بحریہ ملی جذبے سے منایا جارہا ہے۔ 8 ستمبر 1965 کو آپریشن سومنات میں پاک بحریہ نے دشمن کا غرور خاک میں ملایا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یوم بحریہ کے مناسبت سے تقریبات کا آغاز پاکستان نیوی کی مساجد میں ملکی سلامتی اور آزادی کشمیر کیلئے دعاﺅں سے ہوا، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے پیغام میں کہا ہے آج کا دن پاک بحریہ کی تاریخ کا سنہرا باب، سرفروشوں کی قربانیاں اور جذبے یاد دلاتا ہے، ملک کے ناقابل تسخیر دفاع کے لئے آخری سانس تک لڑنے کا عہد دہراتے ہیں۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کے مطابق پاکستان بحریہ خطے میں ایک مضبوط بحری قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے، پاک بحریہ میں جدید جنگی جہاز،آبدوزیں اور میری ٹائم ایئرکرافٹس شامل کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ 8 ستمبر 1965 کو پاک بحریہ کے جہازوں نے ہندوستانی بندرگاہ ’’دوارکا‘‘ پر حملہ کرکے ریڈار اسٹیشن تباہ کیا، پاک بحریہ کی واحد آبدوز غازی نے جنگ کے دوران بحرہند میں اپنا راج اور دبدبہ قائم رکھا،پاک بحریہ کی آبدوز غازی نے پانچ گنا بڑی بھارتی بحریہ کو ان کی بندرگاہوں میں محصور رکھا۔
سمندری حدود کے ان نگہبانوں کو سلام پیش کرنے کے لیے آج ملک بھر میں یوم بحریہ اس عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ سمندری حدود کی حفاظت کے لیے بحری محافظ ہمہ وقت تیار ہیں۔