لاہور میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جبکہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بخار کے مزید 99 کیسز رپورٹ ہوئے۔
محکمہ صحت کی رپورٹس کے مطابق پنجاب سے 24 گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہونے والے کل کیسز میں سے 59 لاہور میں سامنے آئے۔رواں سال پنجاب میں ڈینگی بخار کے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 1883 ہو گئی ہے۔
راولپنڈی میں 18 اور ملتان میں اس مرض کے سات نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے کے تمام ہسپتالوں میں ڈینگی بخار کے 82 مریض زیر علاج ہیں۔
جڑواں شہروں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی بخار کے مزید 40 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
راولپنڈی کے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر سے بخار کے 25 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ رواں سیزن میں راولپنڈی میں اس مرض کے مجموعی کیسز کی تعداد 368 ہو گئی ہے جن میں سے 9 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
شہر کے مختلف اسپتالوں میں 63 مریض زیر علاج ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 15 کیسز سامنے آئے۔ ان میں سے 4 کیس شہری علاقوں میں اور 11 دیہی علاقوں میں رپورٹ ہوئے۔
اسلام آباد میں رواں سال ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد 234 ہو گئی ہے۔
مزید برآںصوبائی محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی بخار کے 11 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ رواں سال سندھ کے دارالحکومت میں بخار کے کل 864 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔