وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پولیس کو پوری معاونت فراہم کریں گے۔
کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی سے نئے تعینات آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس کے دوران وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلوچستان پولیس کو ہر طرح کے دباؤ سے آزاد کر کے آزادانہ ماحول میں ان کی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے کا ماحول فراہم کر رہے ہیں ، پولیس اور عوام کے مابین اعتماد کی فضا کی بحالی کیلئے پولیس مثالی برتاؤ کا عملی مظاہرہ کرے ۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ تخریب کاری کے خاتمے کیلئے سی ٹی ڈی کا متحرک کردار باعث اطمینان ہے اور سی ٹی ڈی کو مزید فعال کرنے کے لئے وسائل فراہم کریں گے۔
سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ اغواء برائے تاوان اور قبضہ مافیاء کو بلا امتیاز قانون کی گرفت میں لایا جائے اور جرائم پیشہ افراد کی پروفائلنگ کو اپ ڈیٹ کرکے تمام تھانوں کے مابین فوری رابطہ کاری کو فعال کیا جائے ۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس کے تربیتی کورسز کو حالات حاضرہ سے ہم آہنگ کرکے تفتیش کے عمل کو بہتر بنایا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تفتیش کے عمل کو بہتر بناکر دہشت گردی اور جرائم میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانا ضروری ہے ۔