چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ٹیم کے کپتان ہیں، فرنٹ فٹ پر آئیں اور قومی معاملات پر مذاکرات کو لیڈ کریں۔ پی ٹی آئی کو بھی مذاکرات کی طرف آنا چاہیے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اگر بات چیت ہو رہی ہے تو اچھی بات ہے، سیاسی جماعتوں میں اتحاد نہ ہونے سے دہشتگردی بڑھ رہی ہے۔ قومی سلامتی کے معاملات پر وزیراعظم کے ہر فیصلے کا ساتھ دیں گے۔ ملک مشکلات میں گھرا ہو تو سب کو متحد ہونا چاہئے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپوزیشن اور جلاوطنی میں بھی ہمیشہ مذاکرات کئے، نوازشریف سے مذاکرات اور میثاق جمہوریت پر دستخط کئے، ملک کیلئے سب سیاسی جماعتوں کو اکٹھا ہو جانا چاہئے۔ مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان زیرک سیاستدان ہیں، ان سے دیرینہ وابستگی ہے، چاہتے ہیں مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ملکر ملک و قوم کی خدمت کریں۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مذاکرات کی بات کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے براہ راست مذاکرات کا کوئی ارادہ نہیں۔ کہا بطوراپوزیشن جماعت ہماری اسپیکرقومی اسمبلی سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، ہماری ملاقاتیں اوپن اور اسمبلی امورچلانے یا اپوزیشن کے پارلیمانی امورسے متعلق ہوتی ہیں۔