بانی پی ٹی آئی کےسابق سیکیورٹی انچارج عمرسلطان کی بازیابی کا کیس میں عدالت نےاسلام آباد پولیس کےمتعلقہ ایس پی اورایس ایچ اوشالیمار کو کل طلب کرلیا ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامرفاروق نے لاپتہ بانی پی ٹی آئی کےسابق سیکیورٹی انچارج عمر سلطان کے والد سلطان جاوید کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار وکیل راجہ قدیر جنجوعہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے انھوں نے عدالت میں درخواست دائر کی اور درخواست میں موقف اپنایاکہ عمر سلطان کو اسلام آباد پولیس نے26 اگست کو بغیر وارنٹ گرفتار کیا، تھانےمیں عمر سلطان کی بازیابی کیلئے درخواست دی مگر کوئی ایکشن نہیں لیاگیا۔عمر سلطان کو عدالت کے روبروپیش کرنے کا حکم دیا جائے۔
وکیل راجہ قدیر جنجوعہ نے عدالت سے استدعا کی کہ عمر سلطان کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف 10 میں واقع پیٹرول پمپ کے قریب گرفتار کیا گیا، عمر سلطان کیخلاف مقدمات، نظر بندی احکامات کے تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے، عمر سلطان کی گرفتاری و اغوا کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔
بانی پاکستان تحریک انساف(پی ٹی آئی) کےسابق سیکیورٹی انچارج عمرسلطان کے وکیل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق سے استدعا کی کہ عمر سلطان کو حبس بے جا میں رکھنے کیخلاف غیر جانبدار انکوائری کا حکم دیا جائے، اغواء کاروں کا تعین کرکے ملوث افسران کیخلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامرفاروق نے ایس پی اور ایس ایچ او کو کل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔