خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز کے مختلف کارروائیوں میں فتنہ الخوارج کے 25 دہشتگرد انجام کو پہنچ گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وادی تیراہ میں 20 اگست سے جاری آپریشن میں ابتک 25 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے جبکہ خوارج زخمی بھی ہوئے۔ آپریشن کے دوران پاک فوج کے 4 سپاہی بھی شہید ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز علاقے میں فتنہ الخوارج اور نام نہاد لشکر اسلام اور جماعت الاحرار کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنزکررہی ہے۔ اس عرصے کے دوران خارجی سرغنہ ابوذر صدام کو بھی ہلاک کردیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستانی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلوچستان میں دہشتگردوں کی متعدد کارروائیوں کو ناکام بنایا، اس دوران 21 دہشتگرد ہلاک ہوئے اور سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 14 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔