پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے اپنے لاپتہ کارکنان کی بازیابی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں 16 گمشدہ کارکنان کی فہرست بھی شامل کی گئی ہے ۔
درخواست میں سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری دفاع، آئی جی اسلام آباد ،ڈی جی ایف آئی اے، ایس ایس پی سی ٹی ڈی اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ان 16 کارکنان میں کچھ کارکنان بازیاب ہو چکے ہیں جبکہ کچھ ابھی بھی گمشدہ ہیں ۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت فریقین کو جبری گمشدگی کا سلسلہ ہمیشہ کیلئے بند کرنے کے احکامات جاری کرے اور جبری گمشدگی کو آرٹیکل 4، 9، 10، 14، 19، 25 کے منافی قرار دے۔
عدالت حکومت کو پی ٹی آئی کارکنان کی فوری بازیابی کے احکامات جاری کرے اور کارکنان کی جان و آزادی کا تحفظ کرنے کے احکامات دے۔
درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی کہ عدالت فریقین کو جبری گمشدگی میں ملوث ایجنسیوں و افسران کے تعین کے احکامات دے ۔