چوہدری پرویز الٰہی کی اہلیہ نے ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی۔ درخواست میں پرویز الٰہی کو رہا کرنے اور آئندہ کسی بھی مقدمے میں گرفتار کرنے سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کی اہلیہ نے سپریم کورٹ میں ہائیکورٹ فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرتے ہوئے اپنے شوہر کی رہائی کی استدعا کی ہے۔
درخواست میں پرویز الہٰی کو آئندہ کسی مقدمے میں گرفتار کرنے سے روکنے کی بھی استدعا کی گئی ہے، یہ بھی کہا گیا ہے کہ پرویز الہٰی کو نامعلوم مقدمات میں بھی گرفتاری سے روکنے کے احکامات دئیے جائیں۔
درخواست میں اپیل کی گئی ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کو عدالت کے سامنے پیش کرنے کے بھی احکامات جاری کئے جائیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی درخواست کو غیر مؤثر ہونے کی بناء ہر نمٹا دیا تھا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کو رہائی کے احکامات کے باوجود دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔
درخواست میں نگران پنجاب حکومت، محکمہ داخلہ پنجاب، آئی جی پنجاب کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی گرفتاری سے متعلق حقائق کا جائزہ نہیں لیا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی تقریباً ایک ماہ سے زائد عرصے سے گرفتار ہیں، لاہور ہائیکورٹ سمیت کئی عدالتیں انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا فیصلہ سناچکی ہیں تاہم انہیں رہائی کے بعد نئے مقدمے میں گرفتار کرلیا جاتا ہے۔