وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ کے دوران شہدا کی عظیم قربانیوں کا قرض ادا نہیں کرسکتی، سلام ان تمام شہدا کو جنہوں نے اپنا آج ہمارے پر امن کل کیلئے نچھاور کر دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے متاثرین دہشتگردی کی یاد اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ آخری دہشتگرد کا خاتمہ کر کے شہدا کے خون کا قرض اتاریں گے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے قوم کے محسن ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ہر طبقے نے قربانیاں دی ہیں، پاک افواج ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں اور جوانوں نے اپنے لہو سے امن کی آبیاری کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ عالم پاکستان کی لازوال قربانیوں کی کوئی اور مثال دینے سے قاصر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے، حکومت اور قوم شہداء کے بہادر خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے، شہداء کے ساتھ ان کی فیملیز کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔