وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ( ر ) فیض حمید اور اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے درمیان رابطہ تھا اور پیغام رسانی ہوتی تھی ۔
سماء کے پروگرام "ندیم ملک لائیو" میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ فیض حمید اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے رابطے تھے اور پیغام رسائی ہوتی تھی، بانی پی ٹی آئی کے بیانات سے واضح ہوتا ہے رابطہ اور اُمید ٹوٹی ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے پہلے خود کو فیض حمید سےالگ کیا لیکن اب دفاع میں آگئے ہیں۔
عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا فیض حمید سے ہمیشہ رابطہ رہا ہے، منصوبہ بندی تھی کہ فیض حمید برقرار رہیں اور بانی پی ٹی آئی کو اقتدارمیں رکھیں، اُس وقت یہ بات چل پڑی تھی کہ آئی ایس آئی کو کور ڈکلیئر کر دیا جائے کیونکہ آرمی چیف بننے کیلئے لازم تھا کہ کور کمانڈ کرنی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی فیض حمید کو ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے سے الگ نہیں کرنا چاہتے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فوج نے اپنی اندرونی تحقیقات کی ہیں، جیل کے نیٹ ورک کے حوالے سے پنجاب حکومت سے تفصیلات حاصل کریں گے ۔