واٹس ایپ میں 2 نئے بہترین فیچرز کا اضافہ کیا جا رہا ہے جو صارفین کے لیے کارآمد ثابت ہوں گے۔
نئے واٹس ایپ فیچر میں ایک صارفین کی سیکیورٹی اور پرائیویسی سے متعلق ہے جبکہ دوسرا اسٹیٹس پر اپنے جذبات کے اظہار میں مدد فراہم کرے گا۔
خیال رہے کہ واٹس ایپ کو 2 ارب سے زائد افراد استعمال کرتے ہیں اور بیشتر افراد اس ایپ میں نامعلوم اکاؤنٹس کی جانب سے بھیجے گئے پیغامات سے پریشان رہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ نے صارفین کے تحفظ اور پرائیویسی کے لیے ایک بہترین فیچر متعارف کرایا ہے۔
بلاک ان نون اکاؤنٹ میسجز نامی یہ فیچر ابھی اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین نامعلوم اکاؤنٹس کی جانب سے بھیجے جانے والے میسجز کو بلاک کرسکیں گے۔ یہ فیچر خودکار طور پر اس وقت نامعلوم اکاؤنٹس کے میسجز بلاک کردے گا جب ان کی تعداد ایک مخصوص حد سے زیادہ ہو جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق ابھی اس فیچر پر کام جاری ہے تو یہ بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین کو بھی دستیاب نہیں، اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ کب تک تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
دوسرا فیچر اسٹیٹس ایپ ڈیٹس پر کوئیک ری ایکشن کا ہے۔ یہ فیچر بھی اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔
رپورت کے مطابق جب آپ کسی اسٹیٹس کو دیکھیں گے تو ریپلائی ٹیکسٹ باکس کے برابر میں ہارٹ کی شکل کے بٹن پر کلک کرکے آپ اسے لائیک کرسکیں گے۔ جب کوئی صارفین آپ کے اسٹیٹس پر ری ایکٹ کرے گا تو انسٹاگرام اسٹوریز کی طرح آپ اسے اسٹیٹس ویورز لسٹ میں دیکھ سکیں گے۔