سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) عائشہ حمیرا کا کہنا ہے کہ موبائل آپریٹرز کی سروس میں مسئلہ ہے، یہ مسئلہ طویل نہیں ہوگا جلد انٹرنیٹ کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔
اسلام آباد میں سینیٹرپلوشہ خان کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کا اجلاس ہوا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے اجلاس میں سوال اٹھایا گیا کہ انٹرنیٹ سروس سست روی کا شکار کیوں ہے جس پر حکومتی اور اپوزیشن ارکان پھٹ پڑے ، حکومتی رکن سینیٹر افنان اللہ اورسینیٹر ہمایوں مہمند سمیت دیگر ارکان نے سست انٹرنیٹ شروع پراحتجاج کیا، کمیٹی ارکان کے تابڑ توڑ سوالات پر وزرات انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکی ۔
وزرات انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی سیکرٹری عائشہ حمیرا نے کہا کہ موبائل آپریٹرز کی سروس میں مسئلہ ہے، یہ طویل نہیں ہوگا جلد انٹرنیٹ بحال ہوگا، موبائل آپریٹرز سے ڈیٹا اکٹھا کر رہے ہیں دو ہفتوں میں تفصیل پیش کردیں گے، ہمیں آپریٹرز سے جو ڈیٹا ملے گا وہ قائمہ کمیٹی میں پیش کردیا جائے گا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کےاجلاس میںسینیٹر افنان اللہ کا کہنا تھا کہ اس وقت فری لانسرز کا کاروبار 500 ملین ڈالر کا ہے ان کا نقصان ہورہا ہے، انٹرنیٹ سروس بند کرکے یہ نہیں کہا جاسکتا کہ سیکیورٹی ہوگئی ہے، قائمہ کمیٹی نے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونےکی تفصیلات دو ہفتے میں طلب کرلیں۔
ارکان کمیٹی نے انٹرنیٹ کے ساتھ سوشل میڈیا ایپس ڈاؤن ہونے کا معاملہ بھی اٹھا دیا ، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے اجلاس میں سینیٹر ہمایوں مہمند کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ، سوشل میڈیا ایپس سست ہونے سے بزنس متاثر ہورہا ہے۔
وزرات انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی سیکرٹری عائشہ حمیرا نے جواب میں کہا کہ موبائل آپریٹرز کی سروس میں خلل آیا ہے، کوئی تکنیکی مسئلہ ہوسکتا ہے جو جلد حل ہوجائے گا، کمیٹی نے انٹرنیٹ، سوشل میڈیا ایپس سلو ہونے سے نقصانات کی رپورٹ طلب کر لی، اور دو ہفتوں میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کا مسئلہ حل کرنے کی ہدایت بھی جاری کردیں۔
بلوچستان کےکئی علاقوں میں موبائل نیٹ ورک عدم دستیابی سمیت دیگرمسائل پر بات چیت کی گئی، سینیٹرپلوشہ خان کا کہنا تھا کہ 20 شہروں کے سروے پر آئندہ اجلاس میں بریفنگ دی جائے،دو ہفتوں میں کشمور کی مکمل تفصیل پیش کی جائے۔
ڈی جی انفورسمنٹ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA)کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں 10 سے12 گھنٹےتک بجلی لوڈشیڈنگ ہے، ضلع کشمور میں نیٹ ورک مسائل پرایک ہفتہ کا وقت دے دیں مکمل تفصیل دینگے، پورے پاکستان کا نیٹ ورک کوالٹی سروے آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا گیا ہے۔