پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل لینے والے پاکستانی ارشد ندیم کے بھارتی حریف نیرج چوپڑا کے عالیشان گھر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
نیرج چوپڑا پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیت سکے جبکہ اس سے قبل ہونے والے ٹوکیو اولمپکس میں انہوں نے طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔
پیرس گیمز میں نیرج ارشد کی 90 میٹر کی حد عبور کرنے میں ناکام رہے اس کے باوجود لگاتار اولمپک کھیلوں میں دو ٹریک اینڈ فیلڈ میڈل حاصل کرنے والے بھارت کے واحد ایتھلیٹ بن کر تاریخ رقم کردی۔
اس سے قبل بھی نیرج متعدد کھیلوں کے مقابلے میں اپنے ملک کے لیے کئی اعزازات حاصل کرچکے ہیں لیکن ان کی ذاتی زندگی بڑی حد تک میڈیا کی نظروں سے اوجھل تھی۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا ریاست ہریانہ کے علاقے پانی پت کے ایک گاؤں میں نیرج کے گھر پہنچا جس کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔
مذکورہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نیرج 3 منزلہ عالیشان گھر میں رہتے ہیں جو ایک رہائشی کمپلیکس نما احاطے میں موجود ہے۔
نیرج جیولین کے علاوہ مہنگی گاڑیوں کا بھی شوق رکھتے ہیں اور ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ان کے پاس نہ صرف لگژری گاڑیوں کی کلیکشن موجود ہے بلکہ کئی جدید اور بہترین بائیکس بھی موجود ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نیرج چوپڑا کے پاس اعلیٰ نسل کا کتا 'گولڈن ریٹریور' بھی ہے جس کا نام انہوں نے ٹوکیو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد 'ٹوکیو' رکھا ہے۔
رپورٹس کے مطابق نیرج اس گھر میں اپنے اہلخانہ کے ہمراہ رہتے ہیں، گھر میں ان کی کامیابی پر ملنے والے ایوارڈز اور اسپورٹس کے لیے علیحدہ کمرے مختص کیے گئے ہیں۔
گھر کے دروازے کے ساتھ باہر دیوار پر ان کے خاندانی نام 'چوپڑاز' کی خوبصورت تختی بھی لگی ہے جبکہ دلچسپ بات یہ ہے کہ کاروں کی کلیکشن کے علاوہ ان کے گھر میں ایک ٹریکٹر بھی موجود ہے۔