وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام کے دلوں میں خادم الحرمین شریفین اور سعودی قیادت کیلئے بے انتہاء عزت و احترام ہے ، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات لازوال ہیں ۔
اتوار کو وزیر اعظم شہباز شریف سے امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح محمد البدیر نے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا تھا کہ آپ کا دورہ پاکستان کیلئے باعث اعزاز ہے، آپ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوںگے ۔
مسجد نبوی کے امام نے وزیراعظم کو خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز،آل سعود اور دیگر سعودی قیادت کی نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ۔
وزیر اعظم نے سعودی فرمانروا خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور آل سعود کی صحت اور درازی عمر کی دعا کی ۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، ہمارا سعودی عرب سے رشتہ دہائیوں پر محیط ہے ، سعودی عرب کے ساتھ تعلقات نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہیں ۔
اس موقع پر امام مسجدنبوی نے پاکستان میں پرتپاک میزبانی پر وزیراعظم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔