چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے تین کیسز کے فیصلے کل سنائے جائیں گے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے کیسز کے فیصلے سنائے گا،قومی اسمبلی کے تین انتخابی حلقوں میں دوبارہ گنتی سے متعلق فیصلے سنائے جائیں گے۔
جن حلقوں کے فیصلے سنائے جائیں گے ان میں این اے 154 لودھراں جبکہ گوجرانوالہ کے دو حلقے این اے 79 اور 81شامل ہیں ،مختلف پولنگ اسٹیشنز پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی اپیلوں پر بھی فیصلہ سنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے حکم پر این اے 154 میں ووٹوں کی دوبار ہ گنتی کی گئی تھی ، دوبارہ گنتی پر عبدالرحمن کانجو کامیاب قرار پائے ہیں، الیکشن کمیشن نے 16 فروری کا آزاد امیدوار رانا فراز نون کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لےلیا تھا۔
این اے 81سے آزاد امیدوار بلال اعجاز 7791 ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوئے تھے،بلال اعجاز پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار تھے جن کی کامیابی کے بعد (ن) لیگ کے اظہر قیوم ناہرا نے نتائج کو چیلنج کیا تھا۔
آر او کے مطابق الیکشن کمیشن نے 75 پولنگ سٹیشنوں کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا،جس سے ن لیگ کے امیدوار اظہر قیوم نے ایک لاکھ 10 ہزار 57 ووٹ حاصل کیئے اور کامیاب قرار پائے جبکہ مخالف آزاد امیدوار بلال اعجاز نے ایک لاکھ 6 ہزار 860 ووٹ حاصل کئے تھے۔