الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام نیشنل ریسکیو چیلنج کے مقابلہ جات میں ’ہائیٹ ریسکیو چیلنج‘ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
رپورٹس کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن نے ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام 12 ویں نیشنل ریسکیو چیلنج کے مقابلہ جات میں’ہائیٹ ریسکیو چیلنج‘ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ 3 روزہ نیشنل ریسکیو چیلنج میں پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان، پولیس، این جی اوز اور یونیورسٹیز سے 19 ریسکیو ٹیموں نے حصہ لیا۔
نیشنل ریسکیو چیلنج مقابلے کی اختتامی تقریب میں ترکی، فلسطین، عمان اور سری لنکا سمیت دیگر ممالک کے وفود نے شرکت کی۔ الخدمت فاؤنڈیشن کی 18 رُکنی ٹیم نے منیجر الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام آصف جمال کی سربراہی میں نیشنل ریسکیو چیلنج میں ہائیٹ ریسکیو، ڈیپ ویل ریسکیو، واٹر ریسکیو، سوئمنگ اور ٹراما اینڈ میڈیکل ایمرجنسی میں حصہ لیا۔
مقابلہ جات میں سینئر انسٹرکٹرز اور ماہرین نے ٹیموں کے دیے گئے اہداف اور ایمرجنسی رسپانس کے عالمی معیار کے مطابق جانچا اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے اِس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن اور دیگر ٹیموں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نیشنل ریسکیو چیلنج کا مقصد ملک بھر میں ایمرجنسی سروسز کے درمیان ہنگامی تعاون کو بہتر بنانا اور ایمرجنسی سروسز کے یکساں معیار قائم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو چیلنج ریسکیورز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرے گا تاکہ صحت مندانہ مقابلے کے ذریعے ہنگامی حالات اور آفات میں درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہو سکیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر سید احسان اللہ وقاص نے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام الخدمت فاؤنڈیشن کی ایک پہچان ہے۔ پاکستان میں آنے والے کسی بھی ناگہانی آفت اور حادثے میں الخدمت فاؤنڈیشن کے ریسکیورز اور رضاکار اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کے لئے ہراول دستہ کی صورت موجود ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان بری طرح متاثر ہوا ہے ایسی صورتحال میں ریسکیورز کے لیے ایسے پروگرامات کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس سے ملک کے تمام صوبوں کی ایمرجنسی سروسز کی کوآرڈینیشن اور پیشہ ورانہ صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔