پیرس اولمپکس میں 40 سال بعد پاکستان کو سونے کا تمغہ جتوانے والے جیولین تھرور ارشد ندیم اپنے آبائی شہرمیاں چنوں پہنچ گئے۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے قومی ہیرو کا شاندار استقبال کیا۔
ارشدندیم نے کہا کہ اپنےعوام کا بے حد مشکورہوں، پوری قوم کااستقبال دیکھ کربہت خوش ہوں، قوم کاپیاردیکھ کربے حد خوشی ہورہی ہے۔ اسی طرح پیار ملتا رہا تو2028 کے اولمپکس میں مزید کامیابی حاصل کروں گا۔
ارشدندیم نے مزید کہا کہ میڈل پاکستان کےعوام کیلئے لے کر آیاہوں، قوم کے ساتھ مل کر14اگست کی خوشیاں مناؤں گا، پنجاب حکومت اور فیڈریشن کا بہت شکر گزارہوں، کوچ نے رات دن محنت کی،ان کابہت مشکور ہوں۔ قومی ہیرو نے مزید کہا کہ پیرس اولمپکس میں ریکارڈ توڑ نے پر خوشی ہے، نیرج چوپڑا دوست اوربھائیوں کی طرح ہے۔
قبل ازیں قومی ہیرو ارشد ندیم گزشتہ رات پیرس سے ترکیے کے راستے لاہور پہنچنے کے بعد قافلے کی صورت میں اپنے آبائی شہر میاں چنوں پہنچ گئے، جہاں قومی ہیرو کاشاندار استقبال کیا گیا،پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئی، شہریوں نےقومی ہیروارشدندیم کوپھولوں کے ہار پہنائے، شہریوں کے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔