پیرس اولمپکس میں 40 سال بعد پاکستان کو سونے کا تمغہ جتوانے والے جیولین تھرور ارشد ندیم اپنے آبائی شہرمیاں چنوں پہنچ گئے۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے قومی ہیرو کا شاندار استقبال کیا۔ ارشد ندیم نے گاڑی سے باہر نکل کر ہاتھ لہر اکر نعروں کاجواب دیا۔
قومی ہیرو ارشد ندیم گزشتہ رات پیرس سے ترکیے کے راستے لاہور پہنچنے کے بعد قافلے کی صورت میں اپنے آبائی شہر میاں چنوں پہنچ گئے، جہاں قومی ہیرو کاشاندار استقبال کیا گیا،پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئی، شہریوں نےقومی ہیروارشدندیم کوپھولوں کےہارپہنائے، شہریوں کےڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔
قبل ازیں اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے لاہور سے میاں چُنوں جاتے ہوئے راستے میں نماز فجر کی ادائیگی کیلئے رائیونڈ کے تبلیغی مرکز میں قیام کیا۔ قومی ہیرو ارشد ندیم پاکستان آمد کے بعد لاہور سے اپنے گاؤں میاں چنوں کیلئے روانہ ہوئے تو ان کے ہمراہ کئی گاڑیوں پر مشتمل قافلہ بھی تھا۔
راستے میں نماز فجر کا وقت ہونے پر انہوں نے تبلیغی مرکز میں نماز ادا کی، اس حوالے سے ان کے بڑے بھائی نے میڈیا کو بتایا کہ رائیونڈ مرکز رکنے کا ہم نے کہا تھا ان کے بھائی کا کہنا تھا کہ یہاں کچھ دیر قیام بعد میاں چنوں کیلئے روانہ ہوں گے۔
دوسری جانب 40 سال بعد پاکستان کو سونے کا تمغہ جتوانے والے جیولین تھرور ارشد ندیم وطن واپس پہنچے تو لاہور ایئر پورٹ پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ پیرس اولمپکس کے ہیرو کو ایئر پورٹ سے ڈبل ڈیکر بس پر روانہ کیا گیا۔ ارشد ندیم نے ہاتھ ہلا کر عوام کو جواب دیا
ارشد دوستوں اور اہل خانہ کے ہمراہ مانگا منڈی میں ناشتہ کیا۔ آبائی علاقے میاں چنوں میں بھی شایان شان استقبال کی تیاریاں کی گئی ہے۔ مختلف شہروں سے ان کے استقبال کیلیے آنے والے ہزاروں شہریوں نے ان کو دیکھ کر پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے جس کا انہوں نے ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔
وفاقی وزیراحسن اقبال،چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور شزا فاطمہ نے حکومت کی جانب سے ارشد ندیم کا ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔ ائیرپورٹ اسٹیٹ لاؤنج میں ارشدندیم کے والد بھی موجود تھے، انہوں نے بیٹے کو گلے لگایا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔
ارشد ندیم نے لاہور ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم کا شکریہ، مجھے عزت دی، اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں، پیرس اولمپکس میں گولڈل جیتا۔
ارشد ندیم نے کہا کہ قوم اور والدین کی دعاؤں سے اللہ تعالیٰ نے عزت دی، اس کامیابی کے پیچھے بہت لمبا سفر ہے، میڈل حاصل کرنے کے لیے دن رات محنت کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا شکرگزارہوں مجھے سہولیات دیں، پنجاب اسپورٹس بورڈ اور تمام کا شکرگزار ہوں، ڈائمنڈ لیگ میں بہت اچھا پرفارم کیا۔ قومی ہیرو کا کہنا تھا کہ والدین، قوم اور میڈیا نے عزت دی، شکریہ ادا کرتاہوں، وزیراعظم کا بھی شکریہ ، ان کا لگایا گیا پودا ہوں۔