پیرس اولمپکس میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلوانے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کی جیت پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اورسروسز چیفس کی جانب سے قوم کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کی شاندار کامیابی پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے جس میں قومی ہیرو کو مبارکباد پیش کی گئی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے انفرادی حیثیت میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دی ہے۔
پیغام میں کہا گیا کہ یہ شاندار کامیابی ارشد ندیم کی غیر متزلزل لگن، انتھک محنت اور مثالی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
پیغام میں مزید کہا گیا کہ ارشد ندیم نے پاکستانی عوام کے لیے بے پناہ فخر اور مسرت دی ہے۔
یاد رہے کہ فرانس میں جاری پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان کے اتھلیٹ اور قومی ہیرو ارشد ندیم نے پاکستان کو جیولین تھرو کے مقابلے میں گولڈ میڈل دلواتے ہوئے اولمپکس کی 118 سالہ تاریخ بدل دی ہے۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم انفرادی مقابلوں میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلوانے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں جبکہ اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے دوسرے جنوبی ایشین ایتھلیٹ ہیں۔
1984 اولمپکس کے بعد اور ہاکی کے علاوہ پاکستان کا یہ پہلا گولڈ میڈل ہے جبکہ اولمپکس کی تاریخ میں پاکستان کا 11 واں میڈل ہے۔