سری لنکا کے اسپنر پراوین جے وکراما پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کے تین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق 25 سالہ جے وکراما سے بین الاقوامی میچز فکس کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا تھا اور ان سے لنکا پریمیئر لیگ کے 2021 سیزن میں میچز فکس کرنے کے لیے کسی اور کھلاڑی سے رابطہ کرنے کو بھی کہا گیا تھا۔
آئی سی سی نے کہا کہ اطلاع کے مطابق سری لنکا کے باؤلر نے اس حوالے سے پیغامات کو حذف کر دیا تھا۔
وکراما کے پاس الزامات کا جواب دینے کے لیے 6 اگست 2024 سے 14 دن ہیں۔
جے وکراما نے 2021 میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچ سے اپنا بین الاقوامی کیرئیر شروع کیا اور پانچ ٹیسٹ میچوں میں 25 وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے پانچ ایک روزہ بین الاقوامی اور پانچ ٹی 20 بھی کھیلے۔
ایل پی ایل میں وہ جافنا کنگز کی ٹیم کا حصہ تھے جس نے 2021 میں ایونٹ جیتا تھا۔