پنجاب حکومت نے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت گریڈ 17 کے افسران پر میڈیا اور سوشل میڈیا بیانات پر پابندی عائد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری افسران کی سوشل میڈیا کی جانب بڑھتے رجحان کے پیش نظر محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے متعلقہ افسران کو مراسلہ بھیج دیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ قواعد کے مطابق میڈیا، سوشل میڈیا پر ذاتی رائے پر مبنی بیانات دینا رولز کی خلاف ورزی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گریڈ 17 میں بھرتی ہونے والے نوجوان افسران پنجاب حکومت کی عکاسی کرتے ہیں، یہ دیکھا گیا ہے کہ نئے بھرتی ہونے والے افسران سوشل میڈیا پر کافی ایکٹیو ہوتے ہیں۔ افسران کی جانب سے دیئے جانے والے غیر ذمہ دارانہ بیانات نیشنل سکیورٹی کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ گریڈ 17 کے افسر سوشل میڈیا پر اپنے خیالات، بیانات، انفارمیشن شیئرنگ، دستاویزات یا وڈیو شیئر نہیں کریں گے، خلاف ورزی کرنیوالے افسران کیخلاف سروس رولز کے تحت سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔