لاہورہائیکورٹ نے برائلر مرغی کی بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندی کیخلاف درخواست کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا.
لاہورہائیکورٹ نےپولٹری ٹریڈرزایسوسی ایشن کی جانب سے دائر درخواست پر گزشتہ سماعت کا دو صفحات پر مشتمل حکم جاری کیا۔ عدالت نےعبوری تحریری حکم میں لکھا کہ سرکاری وکیل کو درخواست کی نقل فراہم کی جائے۔ سرکاری وکیل حکومت سے ہدایات لے کر پانچ اگست کو پیش ہوں۔ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کا نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔ درخواست کو عدالتی تعطیلات کے دوران موجود بنچ کے سامنے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ حکومت پنجاب نے برائلر مرغی کی بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندی عائد کردی۔ حکومت پنجاب نے پابندی مرغی کا گوشت سستا کرنے کیلئے لگائی۔ چکن کی اسیّ فیصد پیداوار پنجاب میں ہوتی ہے۔حکومت نے برائلر مرغی کی خوارک سستی کرنے کیلئے اقدامات نہیں کیے۔ آئین کے تحت ملک بھر میں کسی پر کاروبار کرنے پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی۔برائلر مرغی کی بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندی غیر آئینی ہے۔ برائلر مرغی کی دوسرے صوبوں کو برآمد پر پابندی کالعدم قرار دی جائے.