تاریخ پاک فوج کی عوام کے لیے کی جانے والی بے لوث خدمات سے بھری پڑی ہے،جنگ ہو یا ناگہانی آفت، عوام کو پاک فوج نے کبھی نہ مایوس کیا نہ تنہا چھوڑا۔
لسبیلہ میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثے کو دو سال بیت گئے، عوامی خدمت کی ایسی ہی بے لوث مثال 2022میں سیلابی صورتحال کے دوران دیکھی گئی۔
یکم اگست2022 کو لسبیلہ کے مقام پر پاک فوج کی جانب سے مشکل میں پھنسے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے ہیلی کاپٹر روانہ کیا گیا۔ ریسکیو مشن کی قیادت لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کر رہے تھے، موسم کی خرابی کے پیش نظر ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا۔ اس دردناک حادثے نے ہر آنکھ اشک بار کر دی جب کہ ملک کی فضا کئی دن تک سوگوار رہی۔
اس المناک حادثے میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، بریگیڈیئر امجد حنیف، بریگیڈیئر محمد خالد، پائلٹ میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہ اور نائیک مدثر فیاض شہید ہوگئے۔ بریگیڈیر امجدحنیف شہید حادثے سے کچھ عرصہ قبل ہی میجر جنرل کے عہدے پر ترقی پا چکے تھے۔
کور کمانڈر لیفیننٹ جنرل سرفراز علی شہید انتہائی پروفیشل آفیسر تھے جو پاک فوج میں اہم ترین عہدوں پر تعینات رہے، نومبر 2020 میں انہیں تھری سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی جبکہ دسمبر 2020 میں انہیں کور کمانڈر کوئٹہ تعینات کیا گیا۔
پاک فوج ملک و قوم کی ہر مشکل گھڑی میں ہر ممکن مدد کے لئے ہر دم تیار رہی ہے اور رہے گی اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔