وزیرخزانہ محمداورنگزیب کا کہنا ہے کہ معیشت میں کردار کیلئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ حکومت ایسے کاروبار میں شامل نہیں ہوگی جو نجی شعبہ کرتا ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں محمداورنگزیب نے کہا کہ معیشت کیلئے اچھی خبریں آناشروع ہوگئیں، فچ نے پاکستان کی ریٹنگ بہترکردی، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ جلد7 ارب ڈالر پروگرام کی منظوری دے گا۔ آئی ایم ایف کےنئےقرض پروگرام سےعالمی سطح پر اعتماد بہتر ہوا، وہ وقت دور نہیں جب پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ وزیراعظم اس آئی ایم ایف پروگرام کو آخری قرار دینا چاہتے ہیں، آئی ایم ایف سے چھٹکارے کیلئے اصلاحات ناگزیر ہیں، معاشی اصلاحات سےہی ملک ترقی کرے گا، وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں ملک استحکام کی جانب گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں میکرواکنامک استحکام آیا ہے، استحکام کو گروتھ میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاروں کوراغب کرنےکی کوشش جاری ہیں، حکومت کی بہتر پالیسیوں سےبیرونی سرمایہ کاری آرہی ہے۔ محمداورنگزیب کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے پہلے ماہ ایف بی آر نے محصولات کاہدف حاصل کیا، مرکزی بینک کی جانب سےشرح سود میں کمی کی گئی۔
تقریب سے خطاب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے مہنگائی 30سے 12فیصد پر آگئی، پاکستان اسٹاک مارکیٹ خطےکی سب سے بہترین مارکیٹ ہے۔ معاشی ترقی کے مواقع موجود ہیں،رکاوٹیں دورکرنے کی ضرورت ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم کی پوری توجہ اسٹرکچرل ریفارمز،دوطرفہ تجارت پر ہے، پی ڈی ایم حکومت نے ایک نکاتی ایجنڈے پر کام کیا، پی ڈی ایم حکومت نےپاکستان کودیوالیہ ہونےسےبچایا۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے2سال میں اربوں ڈالرکی غیرملکی سرمایہ کاری چلی گئی، اب ایک بارپھر سے غیرملکی سرمایہ کاری ملک میں آرہی ہے، قومی مفاد میں آپ کو سڑکوں کی بندش کوختم کرناہوگا، معاشی ترقی کیلئے اصلاحات وقت کا تقاضا ہیں۔