اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ حکومت کو گرانے کا فیصلہ کرلیا ہے، کرپٹ حکومت سے عوام کو نجات دلائیں گے، دہشتگردی کے نام پر ہمارےوسائل پر ہاتھ پڑے گا تو دما دم مست قلندر ہوگا۔
جمعہ کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے ریلی نکالی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن اتحاد کے رہنما محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی قائم کریں گے۔
محمود خان اچکزئی نے اپنے خطاب میں مطالبہ کیا کہ تین ماہ میں ملک میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔
ریلی میں تحریک انصاف ، پشتونخوا میپ ، بی این پی مینگل اور اپوزیشن اتحاد میں شامل دیگر جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی ۔
محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ یہ حکومت چور ہے اور اسمبلیاں بیچی گئی ہیں، افغان جرگے میں جو بات کی اسی پر کھڑا ہوں، جہاں مظلوم اور ظالم کی لڑائی ہوگی ہم ہر جگہ مظلوم کا ساتھ دیں گے، مظلوم کا ساتھ دینا خدا کا حکم ہے، ہمیں کسی نے یہ وطن خیرات میں نہیں دیا، وطن سے محبت کرنا خدا کا حکم ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان پارلیمنٹ کو طاقتور بنانا چاہتی ہے، بانی پی ٹی آئی اس وقت ملک کا سب سے مقبول لیڈر ہے، حکومت کہتی ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانی ہے اور کہتی ہے کہ 9 مئی کو برا ہوا تھا، بالکل برا ہوا ہوگا لیکن آج تک ہمیں کسی نے نہیں بتایا کہ ملک کیسے ٹوٹا، ایک وزیراعظم کو پھانسی دی گئی ، اب عدالت کہتی ہے ظلم ہوا ملک ایسے چلتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو کے قتل کا اب تک نہیں پتہ چل سکا، ہم نہیں چاہتے کہ ملک بربادی کی طرف جائے، یہ ملک مسائل ہے شکارہے ہم سب اس بحران کےذمہ دارہیں، ہم ایسا پاکستان بنانا چاہتے ہیں جس میں انصاف کا بول بالا اور آئین کی بالادستی ہو، پاکستان میں غلاموں کی طرح نہیں رہیں گے، ہم ہرقسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں۔