وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں۔
کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے بیرک گولڈ کارپوریشن کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک بریسٹو نے ملاقات کی اور انہیں صوبے میں جاری معاونتی منصوبوں سے متعلق آگاہی دی ۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے اقدامات اٹھائے جا ر رہے ہیں اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے منصوبوں کے لئے سیکورٹی کا جامع پلان تشکیل دے دیا ہے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو موثر سیکورٹی و تحفظ دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور غیر ملکی منصوبوں کی سیکورٹی کے لئے لیویز فورس میں بھرتی کرلی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیرک گولڈ کارپوریشن کے فلاحی کاموں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، سرمایہ کاری کے عالمی و قومی منصوبوں سے بلوچستان اور پاکستان کا روشن مستقبل وابستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ موثر کمیونیکیشن اسٹریٹیجی تشکیل دیکر فلاح عامہ کے منصوبوں کو اجاگر کیا جائے، فلاحی منصوبوں کی تکمیل سے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔
بیرک گولڈ کارپوریشن کے صدر و سی ای او نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت اور بیرک گولڈ اشتراکی کاوشوں کے تحت عوام کی فلاح و بہبود کے اقدامات کا تسلسل برقرار رکھے گی۔