وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے مبینہ ویڈیو پر کارروائی کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
عظمیٰ بخاری نے درخواست میں ایف آئی اے اور وزرات داخلہ سمیت دیگر کو فریق بنایا، مؤقف اختیار کیا ہے کہ فلک جاوید نامی خاتون نے درخواست گزار کی ٹویٹر پرنازیبا ویڈیوز اپ لوڈ کی۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پہلے بھی فلک جاوید مختلف ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں، عدالت فلک جاوید کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے، عدالت ایف آئی اے کو فوری تحقیقات کا حکم دے کر رپورٹ طلب کرے۔
میڈیا سے گفتگو میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک جماعت نے طوفان بدتمیزی مچایا ہوا ہے، سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈاکیا جارہا ہے۔ کیا عدالتوں سے صرف تحریک انصاف کو انصاف ملے گا؟ عام شہری کی حیثیت سے انصاف لینے آئی ہوں انہیں انصاف دیا جائے۔
وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ دہشتگردوں کو مظلوم بناکر پیش کیا جارہاہے، مخصوص جماعت کی درخواستیں آتی ہیں فوری سماعت کے لیے مقرر ہو جاتی ہیں ، مخصوص لوگوں کےلیے رات گئے تک انصاف ملتا رہا ہے۔