پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ حکومت پی ٹی آئی پر پابندی مؤخر کرے یا نہ کرے ہمیں اس بارے کوئی پرواہ نہیں۔
سماء کے پروگرام ’ ریڈ لائن ود طلعت ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا تھا کہ جمعہ کا احتجاج پُرامن ہوگا ، ہم اپنا بیانیہ دیں گے، مہنگائی ، بجلی ، گیس اور ٹیکسوں کیخلاف احتجاج ہوگا، ملک میں امن وامان کی صورتحال احتجاج کے ایجنڈے میں شامل ہے اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی بھی احتجاج کا ایجنڈا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے خود وضاحت کی ، جی ایچ کیو کے باہر احتجاج کا نہیں کہا تھا، پی ٹی آئی پر پابندی مؤخر کریں یا نہ کریں ، ہمیں پرواہ نہیں، پی ٹی آئی پر پابندی حکومت کی سیاسی خودکشی ہوگی، پابندی لگائیں گے تو ہمیں سیاسی طور پر زیادہ زندہ کریں گے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پر کسی صورت پابندی نہیں لگ سکتی، حکومت پی ٹی آئی پر پابندی کیلئے کیا ثبوت دے گی؟، 11 ججز نے کہا تحریک انصاف سیاسی جماعت ہے، ہمارےاکاؤنٹ سے کچھ ہوتا ہے تو اس کو چیک کریں گے، دنیا میں بہت سی سازشیں ہو رہی ہیں ہر چیزہمارے حصے میں نہ ڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن میں 2 تہائی اکثریت سے جیت چکے ہیں، یاسمین راشد 50 ہزار ووٹوں سے جیتی اور نواز شریف ہارے ہیں، ان کی سیاست ختم ہوگئی ، ن لیگ اب ق لیگ بنتی جارہی ہے، ہوسکتا ہے مستقبل میں ن لیگ کو امیدوار بھی نہ ملیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر لانا پارٹی کا نمبر ون ایجنڈا ہے، ہم جیل میں رو نہیں رہے ، ڈیل نہیں کریں گے، آئین کی بالادستی ، قانون کی عملداری اور آزاد عدلیہ نہ ہو تو ملک آگے نہیں بڑھے گا، ہم ان سے کسی صورت بھیک نہیں مانیں گے، ہم عدالتوں سے انصاف مانگیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اداروں کا سیاست میں کردار نہیں ہونا چاہیے، ہم قانون کیخلاف کوئی کام نہیں کرتے، پارٹی قانون کیخلاف کوئی کام کرے گی تو مخالفت کروں گا، ملک خانہ جنگی کی طرف جارہا ہے، سیاست کو سیاست تک رکھیں اسے دشمنی تک نہ لے جائیں۔