قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہر کھلاڑی اپنی ذمہ داری محسوس کررہا ہے اور قومی ٹیم ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے تیار ہے۔
بھارت کے شہر حیدر میں موجود قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ورلڈ کپ سے ایک روز قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ کیلئے اچھی تیاری کی ہے، دو پریکٹس میچوں میں مختلف کامبی نیشن آزمائے ہیں،بولنگ اور بیٹنگ دونوں ہماری قوت ہیں، پریکٹس سیشن میں ہرکھلاڑی کو موقع دیا ہے تاکہ دیکھ سکیں کہ وہ ہر طرح کے حالات میں کھیل سکتا ہے۔
ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کی تیاری پر بات کرتےہوئےانہوں نے کہا کہ ہر ایک اپنی ذمہ داری محسوس کررہا ہےاور ہمارے بیٹرز ٹاپ آرڈر سے لوئرآڈر تک اچھا پرفارم کررہے ہیں، بولنگ میں ہمارےفاسٹ بولرز ہمیشہ ہماری قوت رہے ہیں،مڈل اوور ز میں اسپنرز کی جانب سے اچھی پرفارمنس دیکھنے کو مل رہی ہے،ہر ایک اپنی ذمہ داری محسوس کررہا ہے،کوشش کریں گے کہ اسی مومینٹم کو لےکر چلیں۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ انڈیا میں پچز اچھی ہیں اور ہائی اسکورنگ میچز ہونگے، باؤنڈریز نہ بہت بڑی ہیں اور نہ بہت چھوٹی ، یہ نارمل سائز کی ہیں،بھارت میں وکٹ پر تھوڑاسا ٹائم لینا پڑتاہے،جب آپ سیٹ ہوجاتے ہیں تو بیٹنگ کرنا اچھا لگتاہے،باؤلرز کیلئے مارجن کم ہے،وکٹ ٹووکٹ گیندکرنی پڑتی ہے،اسٹمپ سے باہر جاتی گیند کا بیٹرفائدہ اٹھالیتے ہیں۔
بابراعظم نے کہا کہ بھارت آکر کافی اچھالگا،اس طرح کے استقبال کی امید نہیں کر رہے تھے،ایئرپورٹ پر ہمیں دیکھنے اور سپورٹ کرنے کیلئےکافی لوگ آئے تھے،اورگراؤنڈ میں میچ کے دوران بھی کافی کراؤڈ آیا،اگر پاکستان سے سپورٹر بھی یہاں ہوتے تو اور اچھا لگتا۔
واضح رہے کہ کرکٹ کی دنیا کا میگا ایونٹ ورلڈ کپ2023 کل سے شروع ہو رہا ہے،اور قومی ٹیم اپنا پہلا میچ نیدر لینڈز کیخلاف کل کھیلے گی۔