محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آج بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش جبکہ آج شام سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں اس وقت گرمی اور حبس برقرار ہے، شہر میں آج شام سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے، سمندری ہوائیں بحال ہونے سے کراچی میں موسم بہتر ہوجائے گا۔
چیف میٹرلوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ جنوب میں ہوا کے کم دباؤ کو دو سے تین دن پہلے ختم ہونا تھا، قدرتی طور پر ہوا کا کم دباؤ اپنی جگہ سے نہیں ہلا تاہم لوپریشر ایریا آج ختم ہونے کا امکان ہے، ہوا کا کم دباؤ کا عمان کی جانب رخ کرنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں شمال مغربی سمت سے 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک میں مون سون کا نیا سپیل داخل ہو گا جس سے پنجاب، سندھ، خیبرپختون خوا میں بادل برسیں گے۔ بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بارش برسے گی، بارشوں کا نیا سلسلہ 27 جولائی تک جاری رہے گا۔