پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے ممبر و سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ آئندہ جمعے کو تحریک تحفظ آئین پاکستان کے تحت احتجاج کیا جائے گا جو کہ امن وامان کی صورتحال اور حکومت کی ناکامی کے خلاف ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ، بشریٰ بی بی اور دیگراسیران جیلوں میں ہیں، ہمارا احتجاج سوشل میڈیا ورکرز کو ناجائز طور پر اٹھانے اور غائب کرنے کیخلاف ہے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ حکومت نے بجٹ کے ذریعےغریب عوام پر قیامت برپا کی ہے، بجلی کے بلوں اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، حکومت نے بہت زیادہ ٹیکسز لگائے جو ناقابل برداشت ہیں، تمام طبقوں اور ہم سب نے مل کر ملک کو بچانا ہے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت آگ اور خون کا کھیل کھیلا جا رہا ہے، یہ ایک سیاسی جماعت کے خلاف کریک ڈاون کر رہے ہیں، ایم این ایز کو خریدنے کیلئے بڑی بڑی آفرز کر رہے ہیں، لوگوں کو وفاداری بدلنے کے لیے دبایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ہرصورت اقتدار سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ لوگوں نے باہر نکلنا ہے جمعے کو تاریخی احتجاج کریں گے، تمام جماعتوں بالخصوص جی ڈی اے کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دیں گے۔