تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران الیکشن کمیشن کے خلاف ریفرنس کا مسودہ تیار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور دیگر کمیشن ممبران کیخلاف بات بیانات سے آگے بڑھ گئی ہے، تحریک انصاف نے ای سی پی سربراہ اور ارکان کیخلاف ریفرنس پیر کو دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
بانی پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) عمران خان کی ہدایت پر بیرسٹر علی ظفر سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس کل جمع کرائیں گے،علی ظفر کو ریفرنس دائر کرنے کی ذمہ داری بانی پی ٹی آئی نے سونپی تھی،سپریم جوڈیشل کونسل سے الیکشن کمیشن کے تمام عہدیداروں کو ہٹانے کا مطالبہ کیا جائے گا ۔
ریفرنس میں انتخابی نشان چھیننا،لیول پلیئنگ فیلڈ نہ دینا، انتخابات مقررہ وقت پر نہ کروانے کے الزامات شامل ہیں،اسلام آباد کے الیکشن ٹریبونل میں تبدیلی اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کا حوالہ بھی دیا جائے گا ،مسودے میں مخصوص نشستوں پر عدالتی فیصلے کے کچھ نکات بھی شامل کیے گئے ہیں۔